اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے گوشہ و کنار میں عشرہ فجر کی تقریبات کا باقاعدہ آغازہوچکا ہے – عشرہ فجر کی مرکزی تقریب تہران میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے حرم میں جاری ہے - چھتیس سال قبل یکم فروری انیس سو اناسی کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعدفاتحانہ انداز میں پیرس سے تہران تشریف لائے اور ایرانی عوام نے ان کا فقید المثال استقبال کیا- یہ استقبال اتنا بےنظیر تھا کہ کہا جا سکتا ہے کہ عصر حاضر کی تاریخ میں عوام نے اپنی محبوب شخصیت کا اس طرح استقبال نہیں کیا ہے- امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر عوام کا شکریہ اداکرنے کی غرض سے ایک مختصر تقریر کرنے کے بعد اسلامی انقلاب کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شہیدوں کے قبرستان بہشت زہرا تشریف لے گئے اور وہاں عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر سے اہم خطاب فرمایا- ان کی ایران واپسی کے دس روز بعد گيارہ فروری انیس سو اناسی کو اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا- اسی بنا پر ایرانی کلینڈر کے مطابق بارہ سے بائیس بہمن یعنی یکم فروری سے گیارہ فروری تک ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی مناسبت سے عشرہ فجر منایا جاتا ہے اور ہر سال ان ایام میں خصوصی تقریبات، پروگراموں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲